اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے مراکش کے وزیر خارجہ معالی ناصر بوریطہ کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہونے والی اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے مراکشی وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے ناصر بوریطہ نے قبول کر لیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور مراکش کے تاریخی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔






