کراچی/اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد سے کراچی پہنچے اور مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ممتاز علمائے اہلسنّت سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزراء سید ناصرحسین شاہ اور شرجیل انعام میمن بھی تھے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے علمائے اہلسنت سے ملاقات میں یقین دلایا کہ مدارس و مساجد کے امور میں حکومت مداخلت نہیں کرے گی اور ملک بھر میں سیل کی گئی مساجد و مدارس فوری کھول دیے جائیں گے۔
ملاقات میں سانحہ مریدکے اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی نے علما کو یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مسائل حل کیے جائیں گے اور رابطے کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں تنظیمات اہل سنت اور حکومتی وفد کے مذاکرات میں فیصلہ کیا گیا کہ بے گناہ گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے گا اور آئندہ کسی مسجد کو سیل نہیں کیا جائے گا۔
تنظیمات اہلسنت نے ملک میں امن و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا۔






