راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے 8 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی، جس کے بعد 2 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی۔
دوسری اننگز میں پاکستان صرف 138 رنز بنا سکا، جس کے بعد جنوبی افریقا کو 68 رنز کا ہدف ملا جسے انہوں نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم 42 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ ٹرسٹن سٹبس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان 18 رنز کے ساتھ پویلین لوٹے، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی بغیر رن کے آؤٹ ہوئے، جبکہ سلمان علی آغا 28 اور ساجد خان 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آصف آفریدی بغیر رن کے ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے سمن ہارمر نے 6 وکٹیں حاصل کیں، کیشو مہاراج 2 اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی باؤلنگ میں آصف آفریدی نے شاندار کارکردگی دکھائی اور 6 وکٹیں حاصل کیں، جس کے ساتھ وہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر پانچ وکٹیں لینے والے دوسرے لیفٹ آرم سپنر بن گئے۔ نعمان علی نے 2 وکٹیں، شاہین شاہ آفریدی اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی، لیکن امام الحق 17، شان مسعود 87 اور بابر اعظم 16 رنز کے ساتھ ناکام رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج اور سمن ہارمر نے اہم وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی ٹیم نے اس میچ میں فاسٹ باؤلر حسن علی کی جگہ آصف آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا، جو 39 سال 299 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے تھے۔
پاکستان کی ٹیم نے لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پروٹیز کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔






