راولپنڈی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے میچز نہ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ پاکستان نے کیچز ڈراپ کیے اور اسٹمپ چھوڑا، جبکہ بہترین ٹیم کو موقع دیا جائے تو جارحانہ جواب ہی ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر میچ میں 20 وکٹیں لینا ضروری ہوتی ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اسپنرز کے لیے سازگار پچز بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ اسپنرز کو بولنگ کرنے کے مناسب مواقع نہیں ملتے۔
عبوری کوچ نے کہا کہ پاکستان کو بیٹنگ کولیپس کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ جنوبی افریقا نے راولپنڈی ٹیسٹ میں اچھی بیٹنگ کی۔ اظہر محمود نے بیٹرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسکور کرنے کے صحیح طریقے اور اسٹرائیک کی ریٹیشن کا علم ہونا چاہیے تھا، کیونکہ جنوبی افریقا نے بلاک نہیں کیا اور رنز اسکور کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں دماغی طور پر مضبوط ہونا ضروری ہے اور پاکستان کو اسپنرز کے خلاف اچھی بیٹنگ کرنا سیکھنی ہوگی۔ جنوبی افریقا کے پاس بولنگ میں کافی تجربہ ہے اور راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ نے ہر طرح کے بولرز کو مدد دی۔
اظہر محمود نے کہا کہ پاکستانی بیٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں ہے۔ گزشتہ سال ٹیسٹ میچز صرف چار کھیلے گئے، جبکہ زیادہ میچز کھیلنے سے ٹیم کو تجربہ حاصل ہوگا۔






