اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد پولیس کے افسر ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے گن مین سے بندوق چھین کر خود پر فائر کیا، انہیں شدید زخمی حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی انڈسٹریل ایریا خدمات انجام دے رہے تھے۔ واقعے سے کچھ دیر قبل ہی وہ حاجی کیمپ میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے، جس کی تصاویر اسلام آباد پولیس کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی گئی تھیں۔
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ خودکشی کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔






