کابل:افغانستان کی طالبان حکومت نے پاکستان کے علاقے چترال سے نکلنے والے دریائے کنڑ پر ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان کی وزارتِ پانی و توانائی نے بتایا کہ منصوبے کا تخمینہ اور ڈیزائن مکمل ہو چکا ہے، صرف فنڈنگ کے اجرا کے بعد تعمیر کا آغاز کیا جائے گا۔
طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہبتہ اللہ اخوندزادہ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں کا انتظار کیے بغیر مقامی وسائل سے منصوبہ مکمل کیا جائے۔
دریائے کنڑ چترال سے نکل کر افغانستان کے صوبہ کنڑ سے گزرتا ہوا کابل میں دریائے کابل سے ملتا ہے اور پھر دوبارہ پاکستان میں داخل ہوتا ہے۔ مجوزہ مقام پر ڈیم کی تعمیر سے افغانستان میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھے گی۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ طالبان حکومت نے ڈیم کی تعمیر سے قبل پاکستان سے رابطہ کیا یا نہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان اس دریا کے حوالے سے کوئی معاہدہ موجود ہے یا نہیں۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ دریائے کنڑ سمیت تمام آبی وسائل سے متعلق عالمی قوانین کی پاسداری کی جائے گی۔





