اسرائیل نے لبنان میں ڈرون حملہ کر کے حزب اللہ کے کمانڈر عباس حسن کرکی کو ان کے ساتھی سمیت شہید کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے علاقے نباتیہ کے قریب تول نامی قصبے میں حزب اللہ کے لاجسٹک یونٹ کے سربراہ عباس حسن کرکی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ ڈرون حملہ اس وقت کیا گیا جب حزب اللہ کمانڈر اپنی گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ حملے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور عباس حسن کرکی موقع پر ہی اپنے ڈرائیور سمیت شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق عباس حسن کرکی حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے لاجسٹک یونٹ کے سربراہ تھے اور وہ اسلحے کی منتقلی اور ذخیرہ کرنے کے انتظامات کے ذمہ دار تھے، جو اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے شدہ غیر رسمی معاہدے کی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق عباس حسن کرکی نے حالیہ برسوں میں کئی عسکری کارروائیوں میں حصہ لیا تھا اور وہ حزب اللہ کے فعال رہنماؤں میں شمار کیے جاتے تھے۔
حزب اللہ کی جانب سے تاحال اس حملے کی باضابطہ تصدیق یا ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ البتہ حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔






