وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔ رہنماؤں نے پارٹی امور اور اقتصادی استحکام سے متعلق امور پر بات چیت کی۔
نواز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو مزید مضبوط کرنا ہے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے شہباز شریف کی انتھک محنت اور مریم نواز کی پنجاب میں گورننس کارکردگی کو سراہا۔قائد ن لیگ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی انتھک محنت کی دنیا بھی تعریف کرتی ہے۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے میاں مرغوب احمد کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔





