لاہور: ادارہ تحفظ ماحولیات (ای پی اے) پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ 15 نومبر 2025 کے بعد بغیر ای ٹی ایس سرٹیفکیٹ یا گرین سٹیکر والی گاڑیاں سڑکوں پر نہیں چل سکیں گی اور انہیں قبضے میں لے لیا جائے گا۔
ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے مطابق لاہور میں تمام گاڑیوں کے لیے ایگزاسٹ ٹیسٹنگ لازمی قرار دی گئی ہے اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن شروع کر دیا گیا ہے۔ صرف وہی گاڑیاں سڑک پر چل سکیں گی جو پنجاب کے ماحولیاتی معیار پر پوری اتریں۔
ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے شہریوں کو خبردار کیا کہ گاڑیوں کے اخراج اور شور کی جانچ لازمی ہے، اور ماحول دشمن گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی نافذ کی گئی ہے۔ ای ٹی ایس سے غیر تصدیق شدہ گاڑیوں کو قانونی کارروائی اور ضبطگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ای پی اے نے آلودگی کے خلاف سخت ترین مہم کا آغاز لاہور سے کر دیا ہے اور شہریوں کو فوری طور پر اپنی گاڑیوں کی ایگزاسٹ ٹیسٹنگ مکمل کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔






