نیروبی: کینیا میں ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ہنگری اور جرمنی کے سیاح شامل تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایئرلائن مومباسا ایئر سفاری نے اپنے بیان میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے میں دس مسافر سوار تھے، جن میں آٹھ شہری ہنگری سے اور دو جرمن شہری شامل تھے، جبکہ طیارے کے کپتان کا تعلق کینیا سے تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ “افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ کوئی بھی مسافر زندہ نہیں بچ سکا۔”
کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق طیارہ ساحلی سیاحتی مقام ڈیانی سے روانہ ہوا تھا اور ماسائی مارا نیشنل پارک میں واقع نجی ایئر اسٹرپ کِچوا ٹیمبو جا رہا تھا۔ حادثہ صبح 5 بج کر 30 منٹ (مقامی وقت) کے قریب پیش آیا۔
کینیا کے سرکاری نشریاتی ادارے کینیا براڈکاسٹنگ کارپوریشن کو علاقائی پولیس کمانڈر نے بتایا کہ طیارے میں سوار تمام مسافر غیر ملکی سیاح تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی، جس کے باعث لاشیں بری طرح جھلس گئیں اور شناخت مشکل ہوگئی ہے۔






