اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے سعودی عرب کی نئی فضائی کمپنی ریاض ایئر کے ساتھ تاریخی کارگو معاہدہ طے کر لیا۔
ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق اس معاہدے کے تحت کارگو کو پاکستان اور لندن سے ریاض پہنچایا جائے گا، جہاں سے دونوں ایئر لائنز کے نیٹ ورک کے ذریعے سامان کو منزلِ مقصود تک منتقل کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ 29 اکتوبر سے باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ معاہدے کا بنیادی مقصد پی آئی اے کے کارگو آپریشن کو وسعت دینا اور ادارے کے ریونیو میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ فضائی کارگو کی تیزی سے بڑھتی ہوئی عالمی طلب کو پورا کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے کا برٹش ایئرویز کے ساتھ پہلے ہی ایک کامیاب اور مستحکم کارگو معاہدہ جاری ہے، جس کے تحت سالانہ تقریباً 1000 ٹن کارگو برطانیہ منتقل کیا جاتا ہے۔ ترجمان کے مطابق ریاض ایئر کے ساتھ نیا معاہدہ بھی پی آئی اے کی مضبوط کاروباری حکمتِ عملی کا تسلسل ہے۔





