امریکی جریدے بلوم برگ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سے گریز کرنے لگے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مودی ایسے بین الاقوامی اجلاسوں میں شرکت سے بھی گریز کررہے ہیں جہاں ٹرمپ سے آمنا سامنا ہوسکتا ہے۔
بلوم برگ کا کہنا ہے کہ مودی کو خدشہ ہے کہ ٹرمپ میڈیا کے سامنے ایک بار پھر پاک–بھارت جنگ بندی کا کریڈٹ لے سکتے ہیں، جبکہ بھارت اس بات کو ماننے پر تیار نہیں۔ مودی کو یہ بھی خوف ہے کہ ٹرمپ کا بے لاگ انداز انہیں سیاسی طور پر شرمندگی میں مبتلا کر سکتا ہے، خاص طور پر ریاست بہار کے اہم الیکشن سے قبل۔
رپورٹ کے مطابق مودی نے اسی وجہ سے ملائیشیا میں آسیان سربراہی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔ ٹرمپ اب تک 50 سے زائد مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ پاک–بھارت جنگ بندی اُن کی کوششوں کا نتیجہ ہے، جبکہ بھارتی وزیراعظم اس معاملے پر بدستور خاموش ہیں۔
بلوم برگ نے مزید لکھا کہ پاکستان نے نہ صرف ٹرمپ کی ثالثی کو تسلیم کیا بلکہ انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد بھی کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں “عظیم شخصیات” قرار دے چکے ہیں۔






