طاقتور سمندری طوفان ملیسا نے کیریبین کے ملک جمیکا میں شدید تباہی مچادی۔ طوفان نے گھروں کو تباہ، سڑکوں کو نقصان اور لاکھوں افراد کو بجلی سے محروم کردیا۔ بعد ازاں طوفان مشرقی کیوبا میں داخل ہوا جہاں سانتیاگو شہر اور کئی دیہی علاقے زیرِ آب آگئے۔
امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق، ملیسا جمیکا سے ٹکراتے وقت کیٹیگری 5 کا طوفان تھا جس کی رفتار 185 میل فی گھنٹہ تھی، لیکن کیوبا پہنچتے پہنچتے یہ کیٹیگری 3 میں تبدیل ہوگیا۔ خطرناک ہواؤں، سمندری لہروں، فلیش فلڈنگ اور زمینی تودے گرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
جمیکا میں بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاع ہے۔ درخت اکھڑ گئے، گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں، ہوٹلوں کی چھتیں اور دروازے ٹوٹ گئے جبکہ مونٹیگو بے کا ہوائی اڈہ بھی پانی میں ڈوب گیا۔ حکام نے ابھی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی، لیکن جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
طوفان کیوبا میں بھی تباہی کا باعث بنا جہاں لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ سانتیاگو اور اردگرد کے علاقوں میں بجلی معطل ہے اور گھروں، سڑکوں اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں مٹیالا پانی تیزی سے بہتا دکھائی دیا جبکہ ہنگامی ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
ماہرین کے مطابق، سمندری درجہ حرارت بڑھنے سے طوفان زیادہ تیزی سے طاقتور ہو رہے ہیں۔ کیریبین ممالک نے عالمی برادری سے موسمیاتی نقصانات کے ازالے کی اپیل کی ہے۔
طوفان کیوبا کے بعد بہاماس کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں پہلے ہی بڑے پیمانے پر انخلا کا عمل جاری ہے۔ اس کے بیرونی اثرات نے ہیٹی اور ڈومینیکن ریپبلک میں بھی شدید بارشوں کے باعث کم از کم چار جانیں لے لی ہیں۔





