لاہور اور پنجاب کے کئی شہروں میں فضائی آلودگی کی شدت خطرناک حد تک پہنچ گئی

0
287

لاہور: پنجاب میں فضائی آلودگی اور سموگ کی صورتحال دن بہ دن خراب ہو رہی ہے، جس کے باعث آج فیصل آباد فضائی آلودگی میں پہلے نمبر پر ہے۔

فضائی آلودگی سے متعلق عالمی ادارے آئی کیو آئی کے مطابق فیصل آباد میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 554، گوجرانوالہ میں 546، ملتان میں 478، لاہور میں 471 اور بہاولپور میں 389 ریکارڈ کی گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صبح کے وقت ڈی جی خان، گوجرانوالہ اور قصور میں AQI 500، لاہور میں 447، فیصل آباد میں 408 اور ملتان میں 352 ریکارڈ ہوئی۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انتہائی خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ آفس راوی روڈ 980، جی تھری انجیئرنگ کونسل میں 790 اور ڈی ایچ اے فیز 8 میں 759 ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب کے دیگر علاقوں میں برکی روڈ اور ایجرٹن روڈ پر AQI 500، واہگہ بارڈر 394 اور سفاری پارک 384 ریکارڈ کیا گیا۔

سموگ نگرانی کے مطابق ہوا کا بہاؤ مشرق سے مغرب کی سمت ہے اور بھارتی علاقوں ہریانہ، لدھیانہ، پٹیالہ اور جالندھر سے آلودہ ہوائیں پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں، جو لاہور، فیصل آباد، قصور اور گوجرانوالہ کے فضائی معیار پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ فضا میں سموگ اور باریک ذرات کے جمع ہونے سے آلودگی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، اور آج AQI 330 سے 370 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق لاہور میں فضائی معیار غیر صحت بخش متوقع ہے، صبح سویرے، رات گئے اور شام کے اوقات میں آلودگی کی شدت زیادہ رہے گی جبکہ دوپہر کے اوقات (1 تا 5 بجے) میں معمولی بہتری کا امکان ہے۔ عوام، خصوصاً بچے، بزرگ اور مریض غیر ضروری طور پر باہر جانے سے گریز کریں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا