ملتان: کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے جماعت سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
ملتان میں مشترکہ پریس کانفرنس میں جنوبی پنجاب کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے کہا کہ وہ کالعدم ٹی ایل پی کی سیاست سے بغیر کسی دباؤ کے الگ ہو رہے ہیں اور یہ فیصلہ شہداء کے خون کے احترام میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ علیحدگی کسی بیرونی دباؤ یا ذاتی مفاد کے تحت نہیں ہے۔
سابق ٹکٹ ہولڈرز نے کہا کہ وہ ملکی سلامتی اور پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور افغان سرحد یا کسی بھی محاذ پر فوج کی ضرورت پڑنے پر افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کالعدم جماعت کی جانب سے احتجاج کی کال غیر مناسب تھی اور بیرونی چیلنجز کے باوجود احتجاج درست نہیں تھا، خاص طور پر جب اس میں تشدد شامل ہوا۔
ایک رہنما نے کہا کہ پُرتشدد یا جتھے بازی والی سیاست اور ملکی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے جنوبی پنجاب کے تمام سابق ٹکٹ ہولڈرز نے ٹی ایل پی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فلسطینیوں کی جانب سے امن کے قیام کے حامی ہیں، مگر پاکستان میں احتجاجی تحریک اور اس کے دوران تشدد کا عنصر ناقابلِ قبول ہے۔
سابق ٹکٹ ہولڈرز نے زور دیا کہ ریاست اولین ترجیح ہے اور جب ریاست مضبوط ہوگی تو تمام معاشرتی اور معاشی فوائد ملتے رہیں گے۔






