پاکستان اور کویت کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے دوسرے قرض پروگرام پر معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق کویتی حکومت، کویت فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ذریعے پاکستان کو مالی معاونت فراہم کرے گی۔ اس معاہدے کے تحت مہمند ڈیم منصوبے کے لیے 7.5 ملین کویتی دینار، یعنی تقریباً 25 ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
پاکستان کی طرف سے معاہدے پر وزارتِ اقتصادی امور کے سیکرٹری محمد حمیر کریم نے دستخط کیے۔ سیکرٹری اقتصادی امور نے کویتی حکومت کی مسلسل مدد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔
کویتی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فہد ہشام نے کہا کہ کویت فنڈ کے ذریعے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کی معاونت جاری رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ کویت اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔






