پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
جنوبی افریقا کی پوری ٹیم پاکستان کی شاندار بولنگ کے سامنے صرف 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے 111 رنز کا ہدف 14ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر آسانی سے حاصل کر لیا۔
میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، شاہین آفریدی کی جگہ سلمان مرزا کو شامل کیا گیا۔
جنوبی افریقی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی دباؤ میں رہی اور مسلسل وکٹیں گرتی رہیں۔ ڈیوالڈ بریوس 25 اور ڈونون فریرا 15 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ باقی بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، سلمان مرزا نے 3 شکار کیے، نسیم شاہ نے 2 اور ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پر اعتماد آغاز کیا۔ صاحبزادہ فرحان 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب نے 38 گیندوں پر 71 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر میچ کو یک طرفہ بنا دیا۔ بابر اعظم 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔






