صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں غریب اور کمزور طبقے کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کا ہمیشہ کے لیے راستہ روک دیا ہے۔ ان کے مطابق نئے پراپرٹی آرڈیننس کی منظوری سے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی مؤثر اور تیز ہو گئی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ماضی میں زمینوں پر قبضے کے مقدمات دہائیوں تک عدالتوں میں لٹکے رہتے تھے، لیکن اب اس آرڈیننس کے تحت ہر کیس کا فیصلہ 90 روز کے اندر یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کے نظام کو حقیقت میں “ریاست ہوگی ماں” کے تصور پر استوار کر رہی ہیں، جہاں عوام کے حقوق کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور کمزور طبقے کے لیے سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں کسی کو غیر قانونی سرگرمیوں، اسلحے کی نمائش یا شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں گورننس اور ترقی کا نیا ماڈل سامنے آیا ہے جو دوسرے صوبوں کے لیے بھی مثال بن رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ روزانہ نئی ترقیاتی اسکیمیں شروع کر رہی ہیں اور صوبے کے تمام منصوبوں میں میرٹ، شفافیت اور وسائل کا درست استعمال حکومت کی پہچان بن چکے ہیں۔






