پاکستان اور جرمنی امن، ترقی اور انسانی وقار کی مشترکہ اقدار کے حامل ہیں، مریم نواز

0
451

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمن پارلیمنٹ کی رکن دِریا تُرک نَخباؤر نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، وومن امپاورمنٹ، تعلیم، یوتھ ایکسچینج پروگرام، ماحولیات اور کلین انرجی کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

مریم نواز شریف نے جرمنی کی جانب سے حالیہ سیلاب کے دوران اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور پنجاب کے تاریخی اور ثقافتی شہر لاہور میں جرمن مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے جرمن فریڈرک ایبرٹ فاؤنڈیشن کی 100 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور پاکستان میں اس کی 35 سالہ خدمات کو سراہا۔ فاؤنڈیشن نے پاکستان اور جرمنی میں جمہوریت، سماجی انصاف اور باہمی مکالمے کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلڈ کے دوران جرمنی کی ہمدردی پاک جرمن دیرینہ دوستی کی عکاسی کرتی ہے اور دونوں ممالک جمہوریت، برداشت اور پارلیمانی طرز حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، جو ترقی اور امن کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے دِریا تُرک نَخباؤر کے کام کو صنفی مساوات، شمولیتی پالیسی سازی اور انسانی حقوق کے فروغ کی شاندار مثال قرار دیا۔

مریم نواز نے پنجاب اور جرمن پارلیمان کے درمیان تربیتی ورکشاپس کے تبادلے کی تجویز پیش کی، جس سے وفاقی تعاون اور مقامی خودمختاری کے جرمن ماڈل سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جرمن تعاون نے پنجاب میں ماحولیات، ٹریننگ، توانائی، صحت اور خواتین کے معاشی کردار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں کی روزگار صلاحیت بڑھانے کے لیے جرمنی کے ڈوال ووکشینل ٹریننگ ماڈل کو اپنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت 2024 میں 3.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ پنجاب جرمنی کی رینیو ایبل انرجی، زرعی ٹیکنالوجی، آئی ٹی سروسز اور کلین مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ تعلیم حکومت پنجاب کے اصلاحاتی ایجنڈے کا بنیادی ستون ہے، پنجاب نصاب کی جدت، ڈیجیٹل لرننگ اور عالمی تحقیقی روابط کے فروغ پر کام کر رہا ہے اور دس ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ جرمن جامعات میں زیرِ تعلیم ہیں۔ خواتین کی بااختیاری پنجاب کی سماجی پالیسی کا مرکزی جزو ہے، اور ای بائیک سکیم، ہونہار سکالرشپ پروگرام اور ویمن اینکلیوز خواتین کی محفوظ اور باعزت معاشی شرکت کو یقینی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی ورثے جیسے بادشاہی مسجد، لاہور قلعہ، شالامار گارڈن اور داتا دربار مشترکہ تہذیبی سرمائے کی علامت ہیں، اور ثقافتی تعاون مؤثر سفارت کاری کا ذریعہ ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی امن، ترقی اور انسانی وقار کی مشترکہ اقدار کے حامل ہیں اور پارلیمانی روابط، پائیدار ترقی اور تعاون کے ذریعے پاک جرمن دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا