ملتان — جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کہ اسلام پاکستان کا مملکتی مذہب ہوگا۔
پنجاب کے شہر ملتان میں تحفظ مدارس دینیہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دینی مدارس کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور بیرونی ایجنڈے کے ذریعے نوجوان نسل کو مشتعل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے نوجوان نسل کو اس خطرے سے بچایا، اسی لیے بیرونی ایجنڈا ہمارے خلاف کام کر رہا ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا اور بیرونی ایجنڈا چاہتا ہے کہ لوگ مذہب سے لاتعلق ہوں اور روشن خیالی کی طرف جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ آئین میں اسلام کو پاکستان کا مملکتی مذہب قرار دیا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے فرقوں میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی، افغانستان کو تباہ و برباد کیا، عراق، شام اور فلسطین کو تباہ کیا اور تب بھی یہ دعویٰ کیا کہ وہ امن کے لیے آئے ہیں۔






