اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کو دہرایا ہے۔
صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن یاد دلاتا ہے کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی عوام تک حقائق کی رسائی ممکن بناتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہیں، اسی لیے ان کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقامی کارروائیاں دراصل آزادیِ اظہار پر حملہ ہیں۔
وزیراعظم نے اُن تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں، جبکہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جانیں دینے والے میڈیا ورکرز کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے، اور ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی مؤثر تفتیش، انصاف کی فراہمی اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کے مطابق آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔






