واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان، چین اور روس خفیہ طور پر ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے ایک امریکی ٹی وی پروگرام میں بتایا کہ انہوں نے پینٹاگون کو فوری طور پر ایٹمی تجربات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کے مطابق شمالی کوریا، پاکستان اور دیگر ممالک تجربات کرتے ہیں مگر اس کا اعلان نہیں کرتے۔
صدر نے کہا کہ امریکہ کے پاس اتنا بڑا ایٹمی ذخیرہ ہے جو دنیا کو 150 مرتبہ تباہ کر سکتا ہے، لیکن ایٹمی تجربات ضروری ہیں تاکہ ہتھیاروں کی فعالیت جانچی جا سکے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ روس اور چین تجربات خاموشی سے کر رہے ہیں، اور وہ نہیں چاہتے کہ امریکہ واحد ملک رہے جو تجربات نہ کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکہ زیادہ شفاف طریقے سے کام کرتا ہے اور سب کچھ عوام کے سامنے رکھتا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے تاحال ان الزامات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ ماہرین کے مطابق، ٹرمپ کے بیانات ایٹمی عدم پھیلاؤ پالیسی پر سوالات اٹھاتے ہیں اور اگر امریکہ نے تجربات دوبارہ شروع کیے تو یہ بین الاقوامی معاہدوں اور عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔






