اسلام آباد: خادم درگاہ عالیہ حضرت شاہ عبدالطیف المعروف بری امام سرکار و باوا کلو سرکار مانسر کیمپ راجہ سرفراز اکرم کے بھتیجے اور راجہ ریاض جنجوعہ کے صاحبزادے راجہ حیدر جنجوعہ کی شادی کی تقریبات اسلام آباد میں مکمل ہو گئیں۔ شادی کی تقریبات ایک ہفتے تک جاری رہیں اور اختتام پر ولیمہ کی پُروقار تقریب اسلام آباد کی مارکی میں منعقد ہوئی۔
مارکی کو خوبصورت روشنیوں، تازہ پھولوں اور روایتی اسلامی آرائش سے سجایا گیا تھا۔ تقریب کا ماحول نہایت پُرسکون، محبت اور اخلاص سے معمور تھا۔ مہمانوں کا پرتپاک استقبال راجہ سرفراز اکرم، راجہ ریاض جنجوعہ اور راجہ حیدر جنجوعہ نے خود کیا۔
دعوت ولیمہ میں شرکت کرنے والوں میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، علی ڈار، انجم عقیل خان، میاں محمد سومرو، ابصار عالم، فواد چوہدری، راجہ حنیف ایڈووکیٹ، برگیڈیئر آصف جنوعہ، راجہ امتیاز جنجوعہ سمیت دیگر معروف سیاسی اور سماجی شخصیات شامل تھیں۔
تقریب میں دسترخوان پر لذیذ اور متنوع کھانوں کا اہتمام کیا گیا، اور مہمانوں نے انتظامات، ماحول اور مہمان نوازی کو بہت سراہا۔ تقریب میں نظم و ضبط، احترام اور محبت کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا گیا، جو راجہ خاندان کی اعلیٰ روایات کی عکاسی کرتا تھا۔
اختتام پر شرکائے محفل نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نئی جوڑی کو خوشیوں، کامیابیوں، محبت اور برکتوں سے نوازے۔ تقریب کو اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا اور شاندار ولیمہ قرار دیا گیا۔






