نیویارک — امریکا میں 34 سالہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ ظہران ممدانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود نیویارک سٹی کے میئر کا انتخاب جیت لیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ظہران ممدانی نے 486,741 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار اینڈریو کومو نے 396,177 ووٹ لیے۔ ری پبلکن امیدوار کرٹس سلوا صرف 79,281 ووٹ لینے میں کامیاب ہو سکے۔
اس بار میئر کے انتخابات میں 2001ء کے بعد سب سے زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔ پولنگ اسٹیشنز پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی اور 17 لاکھ سے زائد ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک کی مخالفت کے باوجود ظہران ممدانی پہلی بار نیویارک کے میئر منتخب ہوئے، جسے شہر کی سیاسی تاریخ میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں مقامی اور ریاستی انتخابات جاری ہیں۔ ورجینیا میں گورنر اور لیفٹینینٹ گورنر کے لیے پولنگ اختتام پذیر ہو چکی ہے، جبکہ نیو جرسی میں گورنر کے انتخاب میں ڈیموکریٹ امیدوار میکی شیرل کو معمولی برتری حاصل ہے۔





