امریکا نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کے حکم کے بعد بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’’منٹ مین تھری‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
امریکی فضائیہ کے مطابق میزائل کو کیلیفورنیا کے وینڈن برگ اسپیس فورس بیس سے فائر کیا گیا، جس نے 4,200 میل سفر کرکے مارشل جزائر میں رونالڈ ریگن ٹیسٹ سائٹ پر کامیابی سے ہدف کو چھوا۔
یہ تجربہ GT-254 نامی معمول کے ٹیسٹ پروگرام کا حصہ تھا اور میزائل غیر مسلح تھا، جس میں ٹیسٹ ری انٹری وہیکل نصب تھا تاکہ پرواز کے دوران ڈیٹا اکٹھا کیا جا سکے۔
امریکی حکام کے مطابق منٹ مین تھری امریکا کے جوہری دفاعی نظام کا اہم ستون ہے، جو صرف ممکنہ جوہری حملے کی صورت میں استعمال کیا جائے گا۔
یہ تجربہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب صدر ٹرمپ فوج کو تین دہائیوں بعد جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ دوبارہ شروع کرنے کا حکم دے چکے ہیں اور اسے فوری نافذ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔





