پنجاب میں جنگلات پر آگ کا بڑھتا حملہ: تین سال میں 6 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ راکھ

0
353

پنجاب میں جنگلات میں لگنے والی آگ کے واقعات تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں، گزشتہ تین سال کے دوران 6 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ متاثر ہوا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تین برس میں پنجاب میں جنگلات میں آگ کے 268 واقعات پیش آئے جن میں 6,117 ایکڑ رقبہ جل کر راکھ ہوگیا۔ ملک بھر میں جنگلاتی آگ کے مجموعی طور پر 479 واقعات رپورٹ ہوئے جن سے 15,497 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا، جس میں پنجاب کا حصہ تقریباً 40 فیصد بنتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2024 جنگلات میں آگ کا بدترین سال ثابت ہوا۔ پنجاب میں 2023 کے دوران صرف 4 واقعات میں 25 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا، جبکہ 2024 میں صورتِ حال سنگین رہی اور 165 واقعات میں 3,363 ایکڑ جنگلات جل گئے۔ رواں سال 2025 میں اب تک 97 واقعات میں 2,729 ایکڑ رقبہ تباہ ہو چکا ہے۔

بلوچستان میں 2024 میں آگ کے 2 واقعات میں 590 ایکڑ جبکہ 2025 میں 14 واقعات میں 4,629 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا۔ سندھ میں مجموعی طور پر 5 واقعات میں 63 ایکڑ، جبکہ خیبر پختونخوا میں 2024 کے دوران 60 واقعات میں 1,235 ایکڑ جنگلات جلے، البتہ 2025 میں کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

اسلام آباد میں 2024 میں 17 واقعات میں 254 ایکڑ جبکہ 2025 میں اب تک 31 واقعات میں 82 ایکڑ رقبہ آگ کی لپیٹ میں آیا۔

ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی، غیر قانونی لکڑی کی کٹائی، لاپرواہی اور خشک موسم جنگلاتی آگ میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ محکمہ جنگلات نے حفاظتی اقدامات کے طور پر آگاہی مہمات، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور فائر لائنز کی بحالی کی سفارش کی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا