فیصل آباد: سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو گرفتاری کے بعد انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔
عدالتی کارروائی کے بعد پولیس نے سخت سکیورٹی میں انہیں جیل منتقل کیا۔
ترجمان کے مطابق صاحبزادہ حامد رضا پشاور سے فیصل آباد کے سفر پر تھے کہ اسلام آباد پولیس نے انہیں گرفتار کیا۔ قائم مقام چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حسن رضا نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔
رکنِ قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو فیصل آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمے میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ یہ فیصلہ 31 جولائی 2025 کو سنایا گیا، جس میں عدالت نے حساس ادارے پر حملے اور غلام محمد آباد تھانے میں درج مقدمات کی سماعت مکمل کرنے کے بعد 108 ملزمان کو مختلف سزائیں سنائیں۔
سزا پانے والوں میں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور دیگر رہنما شامل تھے، جبکہ فواد چوہدری، زین قریشی اور چند دیگر شخصیات کو بری کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا رواں برس ستمبر میں تحریکِ تحفظ آئین پاکستان کے سیکرٹری انفارمیشن کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔






