اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو روانہ ہوگئے۔
آذربائیجان کے صدر عزت مآب الہام علیوف کی دعوت پر وزیراعظم کا یہ دورہ عمل میں آیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات متوقع ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ بات چیت میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر توجہ دی جائے گی۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدہ، تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی فورمز — خصوصاً تنظیم تعاونِ اسلامی، اکانومک کوآپریشن آرگنائزیشن اور اقوامِ متحدہ — میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کا یہ دورہ آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید ہے۔






