اسلام آباد: 27ویں آئینی ترمیم کے پیش نظر جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملکی سیاسی صورتحال اور مجوزہ ترمیم کے حوالے سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے۔ اجلاس آج مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ہوگا، جس میں ارکانِ قومی اسمبلی اور سینیٹرز شریک ہوں گے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی حالات اور 27ویں آئینی ترمیم پر پارلیمنٹیرین سے مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں سے حالیہ رابطوں پر بھی مشاورت ہوگی۔
دوسری جانب جے یو آئی نے مقامی حکومتوں کے آئینی تحفظ کے لیے ایم کیو ایم کی حمایت سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آرٹیکل 140اے سے متعلق آئینی ترمیم پر ایم کیو ایم کو مدد نہیں مل سکی۔ ایم کیو ایم نے مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینے کے لیے حمایت مانگی تھی، تاہم جے یو آئی کا مؤقف ہے کہ آرٹیکل 140اے کی ترمیم کو 27ویں ترمیم سے الگ کیا جائے۔ اگر ایم کیو ایم علیحدہ ترمیم لائے تو حمایت ممکن ہے۔
جے یو آئی کے مطابق وہ بااختیار مقامی حکومتوں اور بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ دینے کے مخالف نہیں۔






