اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے اعتراض کے بعد حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم میں این ایف سی ایوارڈ کو نہ چھیڑنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزارتِ قانون نے 27ویں آئینی ترمیم کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا ہے، جو وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ مملکت قانون بیرسٹر عقیل اور سیکرٹری قانون پر مشتمل ٹیم نے تیار کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترمیم کے بیشتر نکات پر اتفاق رائے ہو چکا ہے، جبکہ ایک دو نکات پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ حکومت نے پیپلزپارٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ترمیم میں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق شقوں کو نہیں چھیڑا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حتمی مسودہ جاری کرنے سے قبل حکومت پیپلزپارٹی کے جواب کی منتظر ہے، اور پارٹی کی جانب سے گرین سگنل ملنے پر مسودے کو آخری شکل دے دی جائے گی۔
ترمیم کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے قبل وفاقی کابینہ اس کی منظوری دے گی، جبکہ پیپلزپارٹی کی تجاویز بھی حتمی مسودے میں شامل کی جائیں گی۔ ہفتے کو سینیٹ اجلاس بلایا جانا بھی اسی سلسلے کی پیشگی تیاریوں کا حصہ ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر پیپلزپارٹی سے معاملات طے پا گئے تو ہفتے کو آئینی ترمیم سینیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔






