ایگزیکٹو اختیارات میں کمی، ججز ٹرانسفر جوڈیشل کمیشن کے سپرد، فیلڈ مارشل اعزاز برقرار: اعظم نذیر تارڑ

0
415

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت ججز کے ٹرانسفر میں ایگزیکٹو کے اختیارات کم کر دیے گئے ہیں جبکہ فیلڈ مارشل کا اعزاز تاحیات برقرار رہے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کی صدارت باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں مختلف آئینی ترامیم کا جائزہ لیا گیا جنہیں سینیٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

اعظم نذیر تارڑ کے مطابق آئینی ترمیمی بل سینیٹ میں پیش ہونے کے بعد مشترکہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا۔ حکومت نے پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کرلی ہے، جبکہ چارٹر آف ڈیموکریسی میں شامل آئینی عدالت کے قیام سے متعلق پرانے وعدے پر بھی اتفاق رائے پیدا ہوچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ججز کے تبادلوں کے معاملے پر ایگزیکٹو کے اختیارات کم کرتے ہوئے یہ اختیار جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو دینے کی تجویز بل میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن میں تاخیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بھی ترمیمی تجاویز تیار کی گئی ہیں تاکہ ملک بھر میں انتخابات ایک ہی وقت پر یقینی بنائے جا سکیں۔

وزیر قانون کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقوں میں اضافے سے متعلق ترمیم بھی زیر غور ہے، جبکہ مجوزہ ترمیم میں مختلف ابہامات دور کیے گئے ہیں۔ مزید برآں ایڈوائزرز کی تعداد بڑھا کر 7 کرنے اور آرٹیکل 243 میں تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی کی تجویز بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1973 کے آئین سے قبل فیلڈ مارشل کا عہدہ موجود تھا جسے ختم کردیا گیا تھا، تاہم فیلڈ مارشل کا اعزاز آئینی طور پر تاحیات تسلیم کیا جائے گا۔

اعظم نذیر تارڑ نے یہ بھی بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے سے متعلق ایم کیو ایم کا بل کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا، اور حکومت اتحادی جماعتوں سے اس اہم آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے تعاون کی درخواست کرے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا