واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کے کسی بھی عہدیدار کو اس سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے جی 20 سمٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث امریکی نمائندے اجلاس میں نہیں جائیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وہاں سفید فام افراد کو مارا جا رہا ہے اور ان کی زمینیں غیر قانونی طور پر چھینی جا رہی ہیں۔
ابتدائی طور پر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ خود نہیں جائیں گے بلکہ نائب صدر جے ڈی وینس بھیجیں گے، تاہم اب وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی امریکی عہدیدار اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔
جنوبی افریقہ کی وزارتِ خارجہ نے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افریکنرز کو صرف سفید فام گروہ کے طور پر پیش کرنا تاریخی طور پر غلط ہے اور ان کے خلاف کسی منظم مظالم یا زیادتی کے دعوے حقائق سے ثابت نہیں ہوئے۔
ٹرمپ نے گزشتہ برس بھی جنوبی افریقہ پر سفید فام اقلیت کے ساتھ امتیازی سلوک اور نسل کشی کے الزامات لگائے تھے اور افریکنرز کو پناہ گزین کا درجہ دینے کا دعویٰ کیا تھا۔






