کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے متعدد کارکنان کو حراست میں لیا جنہیں کچھ دیر بعد رہا بھی کردیا گیا۔ پی ٹی آئی کراچی کی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے کورنگی میں ہونے والے پارٹی کنونشن پر اچانک دھاوا بول کر مقامی رہنماؤں اور کارکنان کو بلاجواز گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے کنونشن سے یوسی چیئرمین سعد اچکزئی، صدر کورنگی ملک نعمان، ولید ہاشمی سمیت کئی کارکنان کو حراست میں لیا، جس سے سندھ حکومت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ واضح ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر نے کہا کہ یہ جمہوریت نہیں بلکہ سول ڈکٹیٹرشپ ہے اور سندھ حکومت فسطائیت کی حدیں پار کر چکی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک ڈسٹرکٹ کے پرامن کنونشن سے خوف حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے، اور اس رویے کے خلاف کراچی بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایس ایچ او زمان ٹاؤن نے کسی پی ٹی آئی رہنما یا کارکن کو حراست میں لینے کی تردید کی۔ پی ٹی آئی ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ تمام کارکنان کو بعد ازاں رہا کر دیا گیا ہے۔





