سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو عمرہ کے لیے سعودی عرب جانے سے روکنے کے معاملے پر دائر توہینِ عدالت کی درخواست عدالت نے منظور کر لی۔ عدالت نے وفاقی حکومت، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 نومبر کو جواب سمیت طلب کر لیا۔
جسٹس صداقت علی خان نے ریمارکس دیے کہ توہینِ عدالت کا ٹرائل چلے گا اور ذمہ دار کو سزا یا جزا دی جائے گی۔ عدالت نے کیس کو دوبارہ سنگل بنچ میں مقرر کرنے کی ہدایت بھی دی۔ شیخ رشید کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے پہلے حکم دیا تھا کہ شیخ رشید کو عمرہ پر جانے دیا جائے، مگر ایئرپورٹ پر انہیں روکا گیا جو عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔






