راولپنڈی کی تاریخ کا پہلا عالمی معیار کی سہولتوں سے آراستہ سوئمنگ پول تعمیر کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے جدید ترین سوئمنگ پول اور پلیئرز ہاسٹل کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے راولپنڈی میں ملٹی پرپز اسپورٹس کمپلیکس کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ اس نوعیت کے منصوبے صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی شروع کیے جائیں گے۔
فیصل ایوب کھوکھر کا کہنا تھا کہ پلیئرز ہاسٹل کی تعمیر پر 18 کروڑ 10 لاکھ روپے لاگت آئی، جہاں 80 بستروں سمیت کھلاڑیوں کے لیے جدید رہائشی اور تربیتی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی معیار کا سوئمنگ پول 21 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا، جو جدید واٹر فلٹریشن، ہیٹنگ اور ٹائمنگ سسٹم سے لیس ہے۔
وزیر کھیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت صوبے بھرمیں جدید اسپورٹس سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جب کہ لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس کی بحالی بھی پنجاب حکومت کی کھیلوں کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے۔
فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں کھیلوں کے شعبے میں نمایاں اور مثبت تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔






