ڈھاکا: بنگلادیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے اعلان کیا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے دن مجوزہ جمہوری اصلاحات پر ریفرنڈم کرایا جائے گا۔ انہوں نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ریفرنڈم سے اصلاحات کے ہدف میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی اور انتخابات مزید بہتر اور کم خرچ ہوں گے۔
محمد یونس نے بتایا کہ جمہوری اصلاحات میں وزیراعظم کے لیے دو مدت کی حد اور صدارتی اختیارات میں توسیع کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم سے عوام براہِ راست اصلاحات پر رائے دے سکیں گے، جس سے شفافیت اور عوامی شمولیت کو فروغ ملے گا۔
یہ اصلاحاتی منصوبہ، جسے “جولائی چارٹر” کے نام سے جانا جاتا ہے، جولائی 2024 میں عوامی بغاوت کے بعد تیار کیا گیا تھا۔ بنگلادیش میں انتخابات فروری 2026 میں شیڈول ہیں اور ریفرنڈم کے ذریعے اس کے نفاذ کو آسان اور کم خرچ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔





