پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کو امریکا جاتے ہوئے پشاور ائیرپورٹ سے آف لوڈ کردیا گیا۔
تیمور سلیم جھگڑا گزشتہ رات نجی ائیرلائن کے ذریعے واشنگٹن جارہے تھے، لیکن ان کا نام نوفلائی لسٹ میں ہونے کے باعث امیگریشن ڈیسک پر روک لیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ واشنگٹن میں ‘جمہوریت کے مستقبل’ پر ہونے والی کانفرنس میں حصہ لینے جارہے تھے، مگر ائیرپورٹ پر انہیں بتایا گیا کہ ان کا نام لسٹ میں شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لسٹ میں نام کون ڈالتا یا نکالتا ہے کسی کو معلوم نہیں۔ انہوں نے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھا اور عدالت میں بھی درخواست دی، لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ وہ پہلے کئی بار بغیر کسی رکاوٹ کے ملک سے باہر گئے اور واپس آئے، لیکن یہ پہلی بار ہے کہ انہیں روکا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل ان کی بیٹی کو بھی روک دیا گیا تھا۔





