وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے اپنے پہلے پیغام میں کہا ہے کہ بنیادی حقوق کا تحفظ عدالت کی اولین ترجیح ہے اور آئین کی تشریح شفافیت، آزادی اور دیانت کے ساتھ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کا قیام شفافیت اور عوامی رسائی میں اہم سنگِ میل ہے، اس عدالت کو نہایت نازک اور اہم فریضہ سونپا گیا ہے جو آئین کی حکمرانی اور ریاست کے دیرپا وعدوں سے وابستگی کا اظہار ہے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت کا کردار صرف قضائی نہیں بلکہ ایک مقدس امانت ہے جو شہریوں کی زندگیوں اور آزادیوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔ ہر معاملہ آئین کی بالادستی اور انصاف کے اصولوں کے ساتھ احتیاط اور منصفانہ طریقے سے نمٹایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ عدالت ایسی مضبوط عدالتی روایت قائم کرے جو مدلل فیصلوں، ادارہ جاتی وقار اور عوامی اعتماد پر مبنی ہو۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں دانش، انکسار اور آئین سے وابستگی کے ساتھ فرائض ادا کرنے کی توفیق دے۔






