خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں سے افغانستان میں استعمال ہونے والا امریکی اور نیٹو افواج کا اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق برآمد کیے گئے اسلحے میں ایم-4، ایم-16 رائفلیں، نائٹ وژن گاگلز، جدید خودکار ہتھیار، اعلیٰ کوالٹی کا دھماکا خیز مواد، تاریں اور اسٹیل ہیڈ گولیاں شامل ہیں، جو بلٹ پروف جیکٹس کو بھی چیر سکتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسلحہ امریکی اور نیٹو افواج کے افغانستان سے انخلا کے وقت چھوڑا گیا تھا، جسے دہشت گرد پاکستان میں سیکورٹی فورسز کے خلاف استعمال کر رہے تھے۔ اسلحے پر واضح طور پر امریکی حکومت کی ملکیت کی نشاندہی بھی موجود ہے۔
فورسز نے مختلف آپریشنز میں یہ ہتھیار قبضے میں لے کر میڈیا کے سامنے پیش کیے، جبکہ کارروائیوں کا سلسلہ مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔





