برسلز: پاکستان اور جرمنی نے دفاع، سیاسی امور، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے برسلز میں منعقدہ چوتھے ای یو انڈو پیسفک وزارتی فورم کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور جرمن وزیرِ خارجہ یواخِم واڈی فول کی ملاقات میں ہوا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے جرمنی کی جانب سے 2025-26 کے لیے 114 ملین یورو کی معاونت پر شکریہ ادا کیا، جو ماحولیاتی تبدیلی، توانائی کے شعبے میں منتقلی، پائیدار معاشی ترقی، ووکیشنل ٹریننگ اور سماجی تحفظ جیسے اہم شعبوں کے لیے فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے جرمن قیادت کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار نے برسلز میں فلپائن کی سیکرٹری آف فارن افیئرز ماریہ تھیریسا پی لازارو سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع پر بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی نامزدگیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔





