لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ نظام کی تبدیلی تک جماعت اسلامی کی تحریک جاری رہے گی اور عوام میں شعور پیدا کیا جائے گا۔
انہوں نے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طاقتور سے ڈرتے ہیں اور کمزوروں کو پیستے ہیں، کسی سیاستدان کیلئے کوئی استثنیٰ نہیں، سب برابر ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جاگیردار یا سرمایہ دار کے مفادات کے نظام کی کوئی گنجائش نہیں، جس پارٹی میں عوام کی رائے کا احترام نہیں، وہ حالات تبدیل نہیں کر سکتی۔
انہوں نے عوامی حقوق، تعلیم اور انصاف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہر بچے کو تعلیم فراہم کی جائے اور سب کو برابر کے حقوق ملیں، جبکہ دسمبر میں خواتین کے لیے فری آئی ٹی سکالرشپ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے بین الاقوامی مسائل پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے غزہ میں بچوں اور خواتین کا قتل عام کیا، اور وزیراعظم کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کی تجویز بھی غلط ہے۔






