لیہ میں ایک شخص، جو پیسے کے لالچ میں اپنا ہی نومولود بچہ فروخت کر چکا تھا، ایک سال بعد پکڑا گیا۔ واقعہ لیہ کے علاقے کروڑ لعل عیسن کا ہے، جہاں بچے کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور دیگر چار افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مدعیہ کا کہنا ہے کہ مقامی اسپتال میں بچے کی پیدائش کے بعد ملزم شوہر نے بتایا کہ بچہ بیمار ہے اور اسے اسپتال لے گئے ہیں۔ جب وہ بار بار بچے کی واپسی کا مطالبہ کرتی رہیں تو شوہر نے انہیں گھر سے نکال دیا۔ کئی کوششوں کے بعد خاتون نے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔
پولیس کی تحقیقات کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے بچہ 8 لاکھ روپے میں فروخت کیا تھا، جبکہ بچہ خریدنے والے جوڑے نے بھی اس بات کی تصدیق کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد بچہ ماں کے حوالے کر دیا جائے گا اور ملزم کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔





