ریاض: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات کی، جس میں سکیورٹی امور اور دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران برمی مسلمانوں کے قانونی حیثیت کے دیرینہ مسئلے پر بھی بات چیت کی گئی۔ سعودی وزیرِ داخلہ نے اس معاملے کے حل کے لیے پاکستانی وزیرِ داخلہ کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے اس اہم مسئلے کو اٹھانے کی اہمیت کو سراہا۔
اس موقع پر سعودی وزیرِ داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر حالیہ حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔
فریقین نے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے لیے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر بھی اتفاق کیا، اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کا ورکنگ گروپ آئندہ ماہ اجلاس منعقد کرے گا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس ملاقات کے دوران کہا کہ “سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے اور پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے۔”
ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، پاکستان کے سفیر احمد فاروق، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس اور سعودی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔






