اسلام آباد: اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز کو 2 مقدمات میں اشتہاری قرار دے دیا۔ یہ فیصلہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 28 فروری کو ہونے والے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیسز کی سماعت کے دوران سنایا گیا۔
عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کے دوران شبلی فراز کو مسلسل عدم حاضری کی بنیاد پر اشتہاری قرار دیا۔ اس دوران سابق وزیر قانون راجہ بشارت اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے سردار محمد مصروف خان اور زاہد بشیر ڈار ایڈووکیٹ نے عدالت میں پیش ہو کر ملزمان کی طرف سے قانونی نمائندگی کی۔ عدالت نے پیش ہونے والے ملزمان کی حاضری کے بعد سماعت ملتوی کر دی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ رمنا میں دو مقدمات درج ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔






