غزہ: غزہ شہر میں شدید طوفانی بارش کے بعد خیمہ بستیوں میں پانی بھر گیا، شہری بے یارومددگار ہو گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق خان یونس میں بارش کے بعد بازاروں میں پانی جمع ہو گیا اور خیمہ بستیوں میں صورتحال مزید خراب ہو گئی۔ خواتین اپنے خیموں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں، جبکہ سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ متاثرہ خواتین نے کہا کہ بارش نے مشکلات کئی گنا بڑھا دی ہیں اور کوئی مدد ابھی تک نہیں پہنچی۔
سیلابی پانی کی وجہ سے بچوں اور بزرگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ خان یونس کی مارکیٹ میں پانی کھڑا ہونے کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔
غزہ کی خیمہ بستیوں میں مسلسل بارش کے باعث بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے اور عارضی پناہ گاہیں ناکارہ ہو گئی ہیں۔ شہری کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں محدود وسائل کے ساتھ پانی نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔






