پی ٹی آئی کے بھگوڑے بیرونِ ملک پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں،خواجہ آصف

0
413

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بھگوڑے رہنما بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان مخالف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے عمران خان کی جماعت کے بیرونِ ملک مقیم رہنماؤں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بھگوڑے پہلے پاکستان کو لوٹ کر گئے اور اب بیرونِ ملک پاکستانیوں سے پیسہ بٹور کر پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اگر ان میں جرات ہے تو پاکستان آئیں اور یہ سیاسی جنگ یہاں لڑیں۔ ان کے مطابق یورپ میں جی ایس پی پلس سہولت کے خلاف لابنگ کرنا ملک دشمنی اور غداری کے مترادف ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سیاسی آزمائشیں بے نظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے بھی دیکھیں، لیکن دونوں رہنماؤں نے کبھی ریاستی مفادات کو نقصان نہیں پہنچایا۔ انہوں نے اپنی سیاسی لڑائیاں پاکستان میں لڑیں اور اس کی قیمت بھی ادا کی، مگر قوم اور ریاست کو نشانہ نہیں بنایا۔

خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی ٹیم پہلے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کر چکے ہیں اور اب پاکستان کی برآمدات کو متاثر کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر لابنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ حرکت بھارت کرے تو سمجھ آتی ہے، مگر اپنے آپ کو پاکستانی کہنے والوں کی جانب سے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونا انہیں “ننگِ وطن اور غدار” بناتا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا