پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ہر منگل کو اسلام آباد میں اراکین اسمبلی احتجاج کریں گے، جب کہ 7 دسمبر کو پشاور میں بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد قابلِ افسوس ہے اور یہ سلسلہ پہلی بار نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ طاقت ور حلقے عوام کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں اور عدلیہ کو بھی مفلوج کیا جا رہا ہے، تاہم احتجاج آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی ہر منگل کو اسلام آباد پہنچیں، جو نہیں آئے گا اُس پر تنقید ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ہر جمعرات اڈیالہ جیل جائیں گے اور وہاں بیٹھ کر ملاقات کا مطالبہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ پُرامن رہ کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور اس بار کسی کو گولیاں چلانے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔






