حکومت کیپٹل مارکیٹ کے قیام اور ترقی کے لیے پرعزم ہے، وزیرِ خزانہ

0
283

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت متحرک، مستحکم اور جامع کیپٹل مارکیٹ کے قیام کے لیے پُرعزم ہے، جو معاشی توسیع کے لیے فنانسنگ، سرمایہ کاروں کی شمولیت اور جاری اسٹرکچرل اصلاحات کو تقویت دے سکتی ہے۔

وزیرِ خزانہ کی زیرصدارت فنانس ڈویژن میں کیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے افتتاحی اجلاس میں پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کو مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے روڈ میپ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، اسٹاک ایکسچینج، سی ڈی سی، این سی سی پی ایل، بزنس کونسل اور وزارتِ خزانہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں چار اہم شعبوں پر توجہ دی گئی: ریٹیل اور انسٹی ٹیوشنل سرمایہ کاروں کی شمولیت میں اضافہ، متنوع سرمایہ کاری مصنوعات کی تیاری، مارکیٹ انٹرمیڈریز کے لیے سہولت کاری میں بہتری، اور سرمایہ کاروں و اجراء کنندگان کے لیے مراعاتی اقدامات۔

شرکاء نے کراس بارڈر لسٹنگز، علاقائی تعاون اور مارکیٹ انضمام کے امکانات پر بھی غور کیا۔ اجلاس میں ٹیکنالوجی کے مطابق ڈھلاؤ، ریگولیٹری ڈھانچے کی جدیدیت، اور کمپنیوں کو قرض اور ایکویٹی کے ذریعے سرمایہ اکٹھا کرنے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت ایسے مضبوط اور فعال کیپٹل مارکیٹس کے قیام کے لیے سنجیدہ ہے جو کاروباری اداروں کو سرمایہ حاصل کرنے میں مدد دیں اور سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ و پُرکشش مواقع فراہم کریں۔

اجلاس میں ٹیکس پالیسی، مراعاتی فریم ورک اور تین سطحی ڈیجیٹائزیشن پروگرام کو کیپٹل مارکیٹ کے ترقیاتی روڈمیپ کے ساتھ منسلک کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ترجیحی شعبوں میں ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں جو آئندہ دو ہفتوں میں کلیدی کارکردگی اشاریے اور عملی منصوبے تیار کریں۔

یہ اقدامات ایک متحرک، جدید اور اعلیٰ لیکویڈیٹی کے حامل کیپٹل مارکیٹ ایکو سسٹم کے قیام کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاکہ قومی بچتوں کو پیداواری سرمایہ کاری کی جانب منتقل کیا جا سکے، معاشی نمو کو سہارا ملے اور مالیاتی استحکام مضبوط ہو۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا