راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف اضافی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، جیل کے اطراف خصوصی سکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے جو غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔
اڈیالہ جیل روڈ پر 5 اضافی پکٹس قائم کی گئی ہیں، جن میں داہگل ناکہ، گیٹ ون، گیٹ 5، فیکٹری ناکہ اور گورکھ پور شامل ہیں۔ 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور خواتین پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر رہیں گے۔ مجموعی طور پر جیل کی بیرونی سکیورٹی پر 700 سے زائد اہلکار اور افسر تعینات ہوں گے۔ سکیورٹی اہلکار اینٹی رائٹ سامان سے لیس رہیں گے اور ڈیوٹی کی نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کریں گی۔
یہ اقدام اس وقت کیا گیا ہے جب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر پارلیمنٹ کی کارروائی نہ چلانے کی دھمکی دی ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ علیمہ خان نے بھی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اڈیالہ سے کبھی خیر کی خبر نہیں آتی، جب بھی آتی ہے ملک کے خلاف ہی ہوتی ہے۔






