اپوزیشن اتحاد تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان نے ضمنی انتخابات اور حکومتی طرزِ حکمرانی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ملک میں آئین، قانون اور عدلیہ کی حیثیت بے معنی بنا دی گئی ہے اور عوام سے ووٹ کا حق چھین لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جس انداز میں نظام چلا رہی ہے، اس پر عالمی مالیاتی ادارہ بھی کھل کر سوالات اٹھا رہا ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق آزاد کشمیر میں سیاسی کارکنوں کو دوسری جماعت میں شامل کرایا گیا، جس سے عوام کے اندر بے چینی بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں غیر یقینی کی صورتحال ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی ایک بڑی سیاسی حقیقت کے طور پر موجود ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا نے بھی عدلیہ کی کارکردگی اور ضمنی انتخابات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی رپورٹ میں عدلیہ کی آزادی پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کئی حلقوں کے فارم 45، 46 اور 47 تاحال جاری نہیں کیے گئے، جس سے الیکشن کی شفافیت پر بڑے سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔






